پاکستان ٹیم ایشین سیونز ویمن رگبی ٹرافی میں شرکت کیلئے آج برونائی روانہ ہوگی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمن سیونز رگبی ٹیم ایشین سیونز ویمن رگبی ٹرافی 2018ء میں شرکت کیلئے آج بروز جمعرات کو برونائی روانہ ہوگی۔ پاکستان رگبی یونین کی طرف سے اعلان کردہ ٹیم میں 12 رکنی ٹیم اورتین رکنی مینجمنٹ شامل ہیں۔ ٹیم میں کپتان جویریہ حسن، وحیہ کریم، ارم شہزادی، نمرا مریم، ثناء حنیف، راحیلہ، عمارہ، زاہدہ پروین، آمنہ سراج، بشریٰ رشید، رمشا خان، مریم آصف بٹ شامل ہیں جبکہ مینجمنٹ میں ہیڈ کوچ سوزن مارگیٹ ڈائوسن، حدیل نیازی مینجر جبکہ شمائلہ یعقوب فزیو ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ سوزن مارگیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان رگبی ٹیم کو جوائن کرکے بہت اچھا لگا۔ لڑکیوں میں بہت پوٹنیشنل اور ٹیلنٹ ہے۔مجھے امید ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشین رگبی چیمپئن شپ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرکے جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ پاکستانی ویمن رگبی ٹیم 20 اور 21 اکتوبر کو برونائی میں ایشین رگبی ویمن سیونز ٹرافی میں شرکت کرے گی، ٹورنامنٹ میں پاکستان رگبی ٹیم کے علاوہ برونائی، گوام، بھارت، انڈونیشیا، لائوس، ملائیشیا،نیپال، فلپائن اور ازبکستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن