لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )انڈونیشیا ایشین پیرا گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے واپڈا کے اتھلیٹ حیدر علی نے پاکستان کیلئے دو سونے اور ایک کانسی کا تمغہ جیت لیا۔6سے 13اکتوبرتک جکارتہ میں منعقد ہونے والی ایشین پیرا گیمز میں 44ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔8روزہ مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے پاکستانی وفد 11اتھلیٹس پر مشتمل تھا۔ان کھیلوں میں پاکستان نے مجموعی طور پر دو سونے اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا اور یہ تینوں تمغے واپڈا کے اتھلیٹ نے جیتے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا کے اتھلیٹ حیدر علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسکس تھرو اور جولین تھرو میں ایک ایک گولڈ میڈل جیتا جبکہ لانگ جمپ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔