لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) لاڑکانہ کے حلقہ پی ایس 11 کے ضمنی الیکشن میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے امیدوار نے میدان مار لیا۔ تمام 138 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباس 31557 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو 26021 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ اس طرح پی پی کو اپنے ہی گھر میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کامیابی پر جی ڈی اے امیدوار معظم عباس کی رائش کے باہر کارکنان نے جشن منایا اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا۔ کارکنان نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی۔معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بیان میں کہا ہے کہ پی پی کے مسکن لاڑکانہ میں تبدیلی آ گئی ہے۔ جی ڈی اے امیدوار کی کامیابی جعلی اکاؤنٹس پارٹی کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔ کرپشن کے باعث پی پی صوبے سے اضلاع تک سمٹ کر رہ گئی ہے۔ بلاول صاحب! آپ کے اپنے گھر میں عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے۔