اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈیئر(ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کو سی این جی کے بجائے ایل این جی پر منتقل کرنے کا منصوبہ لاجواب ہے۔ جس سے تیل کے درآمدی بل میں تقریباً بیس فیصد کمی آئے گی۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ لاکھوں افراد اور کروڑوں مسافروں کو ریلیف ملے گا۔ اس وقت بین الاقوامی منڈی میں ایل این جی مقامی گیس سے سستی ہے جبکہ نجی شعبہ کی جانب سے ایل این جی کی درآمد اور تمام اخراجات کے بعد بھی اسکی قیمت پٹرول سے بیس سے پچیس فیصد تک سستی ہو گی۔ اس لئے اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے سے گیس کے ٹرمینلز کو انکی استعداد کے مطابق استعمال کیا جا سکے گا جو اس وقت کم استعداد پر چل کر بھاری نقصان کا سبب بن رہے ہیں۔ اس سے نجی شعبہ نئے ٹرمینلز کی تعمیر میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری بھی کرے گا جبکہ بچنے والی مقامی گیس کو صنعتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا سکے گا۔ جس سے پیداوار برآمدات اور روزگار بڑھے گا اور صنعتی شعبہ کی شکایات کم ہو جائیں گی۔
ٹرانسپورٹ کو ایل این جی پر منتقل کرنے کا منصوبہ لاجواب ہے: اکانومی واچ
Oct 18, 2020