لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ طبل جنگ بن چکا ہے اور نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو بانی ایم کیو ایم کے ساتھ ہوا۔ مسلم لیگ (ن) پر پابندی لگ سکتی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جب دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو بہت سارے مسائل سے گزرنا پڑا، مزید دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو طوفان آئے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز نوازشریف کی تقریر نہیں سن سکا سوگیاتھا۔ کرونا کے بعد 6 ماہ صحت مند ہونے میں لگے، آج کل طبیعت ٹھیک نہیں، دوا کھا رہا ہوں۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ بھارت میں بانی ایم کیوایم کو وہ کوریج نہیں ملی جو کل نوازشریف کو ملی تھی۔ لندن سے نوازشریف کا سیاسی جنازہ آئے گا۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ نوازشریف وہ کھیل کھیل رہے ہیں جو عالمی ایجنڈا ہے۔ انہیں اندازہ ہی نہیں یہ کیا کھیل کھیل رہے ہیں۔ نوازشریف بانی ایم کیو ایم ٹو بن گئے ہیں۔ دریں اثناء صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ریلوے نے پسنجرٹرینوں کی طرح فریٹ ٹرینوں کی بھی آن لائن بکنگ کا آج سے آغاز کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آج پہلا دن ہے کہ ریلوے نے پرانا ٹائم ٹیبل بھی بحال کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا ٹیکنیکل الائونس بڑھادیاگیاہے اور یہ 31 ہزار لوگوں کو ملے گا۔ اس کے علاوہ ڈرائیوروں کے مائلیج الائونس میں بھی آج سے اضافہ کردیاگیاہے۔ پنشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے بات ہوگئی ہے کہ تمام پنشن ہولڈرز کے واجبات 6 ارب 31 کروڑ 87 لاکھ روپے ایک ہی دن ادا کر دیئے جائیں گے حسن ابدال سٹیشن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اس کی منظور ی کی درخواست کروں گا۔ ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے بھی آپ کو جلد خوشخبری دیں گے۔ دریں اثناء ریلوے انتظامیہ نے لاہوربراستہ فیصل آباد۔کراچی کے درمیان چلنے والی شالیمار ایکسپریس (27UP/28DN) اور لاہوربراستہ ساہیوال ۔کراچی کے درمیان چلنے والی کراچی ایکسپریس (15UP/16DN) کے روٹ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ دونوں ٹرینیں اپنے موجودہ روٹ کی بجائے براستہ ملتان سے کراچی جائیں گی اور واپس آئیں گی۔ پاکستان ریلوے نے عوام کی سہولت کے لیے راولپنڈی۔کراچی۔راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تیزگام (7UP/8DN) کو گھوٹکی ریلوے سٹیشن پر اور پشاور سے کراچی کے درمیان چلنے والی خیبر میل (2DN )کو خیرپور ریلوے سٹیشن پر 2 منٹ کے لیے سٹاپ کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ عوام کو یہ سہولت تین ماہ کے لیے عارضی طور پر حاصل ہوگی۔
مسلم لیگ ن پر پابندی لگ سکتی ہے‘ نواز شریف نہیں جانتے کیا گیم کر رہے: شیخ رشید
Oct 18, 2020