کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبرکرائم ونگ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے غیراخلاقی ویب سائٹ چلانے والے گروہ کو گرفتارکر لیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گلشن اقبال کے ایک فلیٹ میں چھاپہ مارکر غیر اخلاقی ویب سائٹ چلانے والے گروہ کو مرکزی ملزم سمیت گرفتارکیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والے مرکزی ملزم کی شناخت فیصل قادر کے نام سے ہوئی ہے جوگلشن اقبال کے فلیٹ میں غیر اخلاقی ویب سائٹ کا دفتر چلا رہا تھا۔ چھاپے کے دوران 9 موبائل فونز، کمپیوٹر اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق برآمد کی جانے والی الیکٹرانک ڈیوائسز سے غیر اخلاقی ویڈیوز اور لڑکیوں کا ڈیٹا ملا ہے۔ یہ گروہ ورچوئل کرنسی کے نام پر خواتین کو غیر اخلاقی کاموں میں استعمال کرتا تھا اور ایپ کے ذریعے انہیں دیگر گاہکوں سے بھی ملواتا تھا۔ غیر اخلاقی ویڈیو کالز کرنے والی خواتین کو کرنسی کے نام پر ڈائمنڈ دیے جاتے تھے اور جو خاتون جتنے زیادہ ڈائمنڈ حاصل کرتی اسے اتنی ہی زیادہ تنخواہ ادا کی جاتی تھی اور 4 لاکھ ڈائمنڈ حاصل کرنے پر خاتون کو 7 ہزار روپے ادا کیے جاتے تھے۔
کراچی: ایف آئی اے کا چھاپہ، غیراخلاقی ویب سائٹس چلانے والا گروہ پکڑا گیا
Oct 18, 2020