لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ چہروں کی تبدیلی میں قوم کے 73سال ضائع ہوگئے۔ اب عوام کو نظام کی تبدیلی کیلئے اٹھنا ہوگا۔ظلم وجبر اور استحصالی نظام سے نجات حاصل کئے بغیر مثبت تبدیلی نہیں آئیگی۔ تبدیلی سرکار کا ہر قدم غلط سمت اٹھ رہا ہے۔ اچھی حکمرانی کے جتنے بھی اعشاریے تھے وہ الٹ سمت جارہے ہیں۔ حکومت کے سارے اقدامات نمائشی ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی کی جدوجہد کررہی ہے۔ اللہ کا عطا کردہ نظام ہی ہماری تمام پریشانیوں کا علاج ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا وزیراعظم کہتے ہیں کہ وہ آٹے او رچینی چوروں کو جانتے ہیں مگر عوام کو یہ نہیں بتائے کہ ان چوروں کو پکڑنے میں کیا رکاوٹ ہے مافیاز نے حکومت کو گھیرے میں لے رکھا ہے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں تعلیم صحت روزگار اور انصاف کیلئے لوگ دھکے کھانے پر مجبور ہیں مگر حکمران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت ڈلیور کرنے اور عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
چہرے بدلنے میں 73 سال برباد‘ عوام کو مثبت تبدیلی سے اٹھنا ہوگا: سراج الحق
Oct 18, 2020