لاہور (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے خلاف ایسے بولتے ہیں جیسے نوازشریف میں مودی کی روح آگئی ہو، نواز شریف صاحب یہ یاد رکھیں آج جو جمہوریت نظر آرہی ہے وہ جنرل باجوہ اور تمام اداروں کی کاوشوں سے ہے، ملک کی اندرونی اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ اداروں کی مضبوطی سے مشروط ہے، مضبوط ادارے ہی جمہوریت کی ضمانت ہیں کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پنجاب ایمرجنسی سروسز کے16 سال مکمل ہونے پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں جو بھی ادارے بنائے ان کی مضبوطی کیلئے قانون سازی کی تا کہ بعد میں آنے والی حکومتیں اداروں کو نقصان نہ پہنچا سکیںیہی وجہ ہے کہ ریسکیو سروس اور ریسکیورز سے میرا تعلق سیاست کا نہیں بلکہ دل کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 16سال پہلے مجھے بھی ایک ایسی ہی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا جس پر میں نے بے بسی محسوس کی اور سوچا کہ پاکستان میں ایسی سروس شروع کروں جو سیاست سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کرے، جو بیج ریسکیو 1122 کی صورت میں انسانی خدمت کا میں نے اکتوبر 2004 میں بویا تھا آج وہ ایک تناور درخت بن چکا ہے اور اس کے سائے سے نہ صرف پنجاب بلکہ دوسرے صوبے بھی مستفید ہورہے ہیں، آج پنجاب ایمرجنسی سروسز کے 16 ویں یوم تاسیس پر میں ڈاکٹر رضوان نصیر اور انکی پوری ٹیم کوتہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروسز میری فیملی کی مانند ہے، میں بخوبی آگاہ ہوںان تمام چیلنجز سے جو ریسکیو سروس کی مینجمنٹ اور ریسکیورز کو درپیش ہیں سروس کی کامیابی کے بعد ہم نے تمام بڑے شہروں تک اس کا دائرہ کار وسیع کر دیااس سروس کو قائم رکھنے کیلئے پنجاب ایمرجنسی سروس ایکٹ کی منظوری پنجاب اسمبلی سے متفقہ طور پر کروائی، یہ ساری وہ کوششیں تھیں جس کی وجہ سے آنیوالی حکومت اس سروس کو ختم نہ کر سکی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ریسکیوسروس کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سپیشل کمیٹی تشکیل دی ہے جس میںتمام ریسکیورزکو سروس سٹرکچر بھی دیا جا رہا ہے اور دیگر معاملات جو ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی میں رکاوٹ بن رہے ہیں ان کو قانون سازی کے ذریعے حل کیا جا رہا ہے۔ بعدازاں چودھری پرویز الٰہی نے ریسکیو صلاحیتوں اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا۔