اسلامی یونیورسٹی کے صدر سے افغانستان کے ناظم الامورکی ملاقات

Oct 18, 2020

 اسلام آباد (نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر ھزال بن حمود العتیبی سے افغانستان کے ناظم الامور و قائم مقام سفیر رحیم اللہ قطرہ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں  دوطرفہ تعلیمی تعاون کے فروغ جیسے امور بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پر افغان قائم مقام سفیر نے بطور صدر جامعہ ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹر ھزال کو مبارکباد دیتے ہوے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں جامعہ ترقی کی مزید منازل  ے کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں جدید و قدیم علوم کی تعلیم دینے والا ایک بہترین ادارہ ہے ، افغانستان کے کئی طلبہ و طالبات جامعہ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے ملک میں اعلی عہدوں پر فائز ہیں۔ افغان قائم مقام سفیر نے خادم الحرمین شریفین کی امت مسلمہ کے لیے خدمات کی بھی تعریف کی ۔اس موقع پر ڈاکٹر ھزال نے کہا کہ افغانستان سے ہر سال طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد اسلامی یونیورسٹی کے داخلہ کے عمل میں حصہ لیتی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان سمیت جملہ اسلامی ممالک کے طلبہ وطالبات کو بہتر ین سہولیا ت اور اعلی تعلیمی ماحول فراہم کرنا اسلامی یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔ صدر جامعہ  نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی مسلم ممالک کی جامعات کے ساتھ تعلیمی تعاون کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں  طلبا کی اخلاقی تربییت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ معاشرے میں بہتر سے بہتر کردار ادا کر سکیں ۔

مزیدخبریں