لاہور (نیوز رپورٹر) بزدار حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور تخریبی سرگرمیوں کے بروقت سدباب کیلئے اہم اقدام کیا ہے۔ جدید ترین آلات سے لیس نئی بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں بم ڈسپوزل سکواڈ کو مل گئیں۔ وزیراعلی آفس میں نئی بم ڈسپوزل گاڑیاں پنجاب کے 8 اضلاع کے حوالے کرنے کی تقریب میں عثمان بزدار نے نئی بم ڈسپوزل گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ نئی گاڑیاں بم ڈسپوزل سوٹ، مائن ڈیٹیکٹرز،ڈسرپٹرزاور دیگر جدید آلات سے لیس ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید سہولتوں اور آلات سے لیس گاڑیوں سے بم ڈسپوزل سکواڈ کی صلاحیتو ں میں مزید اضافہ ہو گا ۔ نئی گاڑیاں ملنے سے متعلقہ اضلاع میں بم ڈسپوزل یونٹ کی کارکردگی بہتر ہو گی۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب کے ہرضلع کو بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں دیں گے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔کرپشن میں ملوث ٹولہ لوٹی گئی دولت کا تحفظ چاہتا ہے۔ یہ وہ شکست خوردہ عناصر ہیں جنہیں عوام نے یکسر مسترد کیا۔ قوم باشعور ہے، یہ عناصر عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ عمران خان کی قیادت میں فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کئے جا رہے ہیں۔ کرونا کی دوسری لہر کے خدشے کے باوجودعوامی اجتماع کرنا اپوزیشن جماعتوں کی بے حسی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے عوام کی زندگیوں کی پرواتک نہیں کی۔ان عناصر نے صرف اپنے ذاتی ایجنڈے کو مقدم رکھا۔