لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے ہم نازک وقت میں داخل ہورہے ہیں۔ ہمیں اپنی پارٹی کے لئے نہیں ملک کے لئے آگے بڑھنا ہوگا اور اب ہم فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہور ہے ہیں۔ حویلیاں میں مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا کنونشن سے مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو ردی کے ٹکڑے کی طرح مسل دیا جاتا ہے۔ شاید 74 سال میں مہنگائی اتنی نہیں ہوئی ہوگی جتنی آج ہے۔ نوازشریف کے دور میں کہا جاتا تھاکہ جب پٹرول، بجلی مہنگی ہوتی ہے تو وزیراعظم چور ہوتا ہے جبکہ نواز شریف تو چور نہیں نکلے۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں تو غریب سے غریب بھی پیٹ بھر کے سوتا تھا۔ مہنگائی میں حکومتی نااہلی کا عمل دخل تو ہے ہی، ووٹ کی عزت پامال کرنے کا بھی نتیجہ ہے۔ جبکہ جب ہم نے ووٹ کو عزت دو کی بات کی تو مخالفین نے ہم پر تنقید کی کہ یہ تو اپنی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو ایسے حکمران مسلط کردیئے جاتے ہیں جن کوصرف اپنی کرسی کی فکر ہوتی ہے۔ فیصل آباد سے واپسی پر میں ایک سٹور پر گئی تو عوام مجھے مل گئے، عوام کاکہنا تھا خدارا ہماری اس حکومت سے جان چھڑائیں، عوام کا کہنا ہے کہ ہم مرگئے ہیں اس جعلی حکومت سے جان چھڑائیں۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا ٹیم نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ عوام مہنگائی کے باعث رل گئے، خود کشیوں پر مجبور ہوگئے جبکہ حکمرانوں کو صرف اس بات کی پرواہ ہے کہ اپنی حکومت کو کیسے بچانا ہے۔