عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے اثرات ملک پر پڑتے ہیں :حماد اظہر 

Oct 18, 2021


اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے توانائی محمد حماد اظہر نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹوں میں مختلف منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان ہے، حزب اختلاف اور بعض میڈیا ہائوسز اس مسئلہ پر بحث کو کم کریں۔ اپنے مختلف ٹویٹس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک میڈیا ہائوس سب سے زیادہ گمراہ کن اطلاعات پھیلا رہا ہے۔ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی)، فی کس آمدن اور پٹرولیم کی قیمتوں کے بارے میں حماد اظہر نے کہا کہ میڈیا ہائوس جو الجھن پھیلا رہا ہے اس کا  حل میں بتاتا  ہوں، فی کس سالانہ آمدن اور جی ڈی پی کسی ملک کی مجموعی پیداوار کو اس کی آبادی پر تقسیم کرنے سے مجموعی قومی پیداوار حاصل ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فارمولا غلط ہو سکتا ہے کیونکہ اس میں تمام آبادی کی حقیقی فلاح و بہبود نہیں ہوسکتی، انہوں نے کہا کہ کسی ملک کا زیادہ تر جی ڈی پی چند ہاتھوں میں ہوسکتا ہے جبکہ اکثریت غریب ہو ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا موازنہ کریں تو پاکستان میں فی کس جی ڈی پی بھارت کے مقابلہ میں کم ہے لیکن بھارت میں غربت کی شرح زیادہ ہے اسی طرح بنگلہ دیش میں بھی غربت کی شرح پاکستان کے مقابلہ میں زیادہ ہے جبکہ اس کی فی کس مجموعی قومی پیداوار بھارت سے بھی زیادہ ہے ۔ حماد اظہر نے کہا کہ اس طرح اس میڈیا ہائوس کے اپنے اعدادوشمار ہی عوام کی فلاح و بہبود کے معیارات پر پورا نہیں اترتے ۔ مزید برآں وفاقی وزیر نے پٹرولیم مصنوعات کے حوالہ سے کہا کہ دنیا بھر میں ان کی قیمت یکساں ہے ۔ ترقی یافتہ درمیانی آمدنی والے اور غریب ممالک سب بین الاقوامی سطح پر ایک ہی قیمت پر تیل خریدتے ہیں،تاہم غریب اور کم آمدنی والے ملکوں کے مقابلہ میں ترقی یافتہ ملک ٹیکسوںمیں کٹوتی کے ذریعے بڑھتی ہوئی قیمتوں میں زیادہ رعایت دے سکتے ہیں ۔

مزیدخبریں