اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سابق وزیرِداخلہ و پیپلز پارٹی سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک کا شہدا ئے کارساز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ اپنے بیان میں رحمن ملک نے کہاکہ سانحہ کارساز کے بہادر شہیدوں اور انکے اہل و عیال کو سلام پیش کرتا ہوں، 18 اکتوبر پاکستانی تاریخ کا ایک پر درد و ناقابل فراموش دن ہے، سانحہ کارساز کا درد ہمارے سینوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا، کارساز میں ساتھیوں کے گرے ہوئے پامال لاشوں کا پرآشوب منظر آج بھی آنکھوں کے سامنے ہے۔رحمان ملک نے کہاکہ ظلم، ستم اور گرے ہوئی لاشیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید و بہادر جیالوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا، زندگی کو لاحق خطرات، دھمکیاں اور بم دھماکے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اپنے کارکنوں سے دور نہ کر سکے۔ انہوںنے کہاکہ زندگی کی آخری لمحے تک محترمہ بینظیر بھٹو اپنے کارکنان کے درمیان رہیں، ملکی سالمیت اور جمہوریت کے استحکام کیلئے پی پی پی کی قربانی بے مثل و بینظیر ہیں، دہشتگردی نے پاکستان کو ناقابل تالافی نقصان پہنچایا ہے، آج کے دن ملک و انسانیت کے دشمن طالبان ظالمان نے پاک سرزمین کو خون میں نہلایا تھا۔ رحمن ملک نے کہاکہ شہدائے کے خاندانوں کی ویلفیئر کے لئے ایک ٹرسٹ کا اعلان کیا جائے،ٹرسٹ حکومت سندھ کی ہاؤسنگ سکیموں سے شہداء کے خاندانوں کو مکانات فراہم کرے۔
سانحہ کارساز ‘ بہادر شہیدوںکو سلام پیش کرتا ہوں:سینیٹر رحمان ملک
Oct 18, 2021