لاہور، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اے پی پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی سازشوں، دھرنوں اور لانگ مارچ کی سیاست کے باوجود حکومت نے ان کے جلسے جلوسوں کو روکنے کیلئے کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں۔ پی ڈی ایم سیاسی بے روزگاروں کا اجتماع ہے۔ جنہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران فیصل آباد میں پاورلومز بند کر دیئے تھے اور بڑی تعداد میں ورکرز بے روزگار ہوئے تھے تاہم موجودہ حکومت نے پاورلومز کو دوبارہ بحال کر دیا ہے۔ جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ حکومت غریب لوگوں پر عالمی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے عالمی سطح پر مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔ عالمی سطح پر50 سال بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ جس سے پاکستان میں بھی براہ راست گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر اثر پڑا ہے۔ حکومت پائیدار بنیادوں پر مہنگائی کو قابو کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے۔ طویل المدتی پالیسیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔ گھی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے گھی ملز کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور حکومت ٹیکسز اور لیویز میں مناسب کمی کرنے کیلئے بھی تیار ہے۔ دریں اثناء وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے بلاول بھٹو کے بیان پر رد عمل میں کہا سندھ میں غربت اور بے روز گاری کی انتہا ہے۔ بلاول بھٹو تحریک چلانے کی بجائے سندھ کے عوام کیلئے کچھ کریں۔ پیپلز پارٹی نے روٹی کپڑا اور مکان کی آڑ میں کرپشن کی اور جعلی اکائونٹس بنائے۔ سندھ میں 20 کلو کا آٹا 1400 سے 1500 روپے میں مل رہا ہے۔ بیرونی قرضوں کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ ہے۔