مکہ مکرمہ‘ مسجد نبویؐ میں ڈیڑھ سال بعد سماجی فاصلہ ختم‘ ائرپورٹس بحال

Oct 18, 2021

مکہ المکرمہ (آئی این پی) کرونا کی شدت کم ہونے کے بعد مسجد الحرام میں پابندیاں ختم کردی گئیں۔خانہ کعبہ کے دروازے سب کے لیے کھول دیئے گئے۔ سماجی فاصلے کے نشان ہٹا دیئے گئے۔ خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کے گرد رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے مطعاف میں نماز فجر ادا کی۔ اتوار کو الحرمین الشریفین انتظامیہ نے مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ میں کرونا وبا کے پھیلائوکی روک تھام کے لیے عائد کی گئی سماجی فاصلے کی پابندیاں ہٹا د یں  ہیں۔ الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کرونا وبا سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی۔ انتظامیہ کے مطابق مسجدالحرام کے صحن مطاف میں بھی سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں۔ طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے سماجی فاصلے کا اصول ختم کر دیا گیا ہے۔ تاہم ماسک کی پابندی برقرار ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیئے گئے ہیں۔ تقریباً ڈیڑھ سال سے زائد عرصے بعد سماجی فاصلہ ختم کر کے نماز فجر ادا کی گئی۔ سعودی سول ایوی ایشن کا نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا جس کے تحت تمام ائرپورٹس بحال کر دیئے گئے۔ تمام پروازوں کیلئے دستیاب ہوں گے۔ مسافروں کی کرونا ویکسی نیشن کارڈ کی تصدیق نکلنا ایپلی کیشن کے ذریعے ہو گی۔

مزیدخبریں