لاہور(نامہ نگار)عشرہ شان رحمت للعالمین اور جشن عید میلاد النبیؐ کے پروگراموں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر صدارت میںسینٹرل ایگزیکٹو امن کمیٹی کااہم اجلاس ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں منعقد ہوا۔حافظ محمد زبیر ورک، مولانا محمد اسلم صدیقی، قاری کفایت اللہ، آغا شاہ حسین قزلباش، توقیر بابا، علامہ حکیم محمود الحسن، سید خرم عباس نقوی سمیت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ جشن عید میلاد النبیؐ کے پرمسرت موقع پر مختلف علاقوں میں کیٹگری اے اور بی کے 329 جلوس،ریلیاں اور محافل سمیت پانچ سو سے زائد مقدس پروگرامز منعقد ہونگے۔ 12 ربیع الاوّل کے موقع پر تمام مرکزی جلوسوں،ریلیوں اور محافل کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ ڈولفن سکواڈ،پولیس ریسپانس یونٹ،ایلیٹ فورس اور سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں سمیت چھ ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار مساجد عبادت گاہوں اور اہم مقامات کی حفاظت پر تعینات ہوں گے،شہریوں کی سکیورٹی و سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ فرقہ واریت انتہا پسندی،شرانگیزی اوردہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ہم سب نے مل کر ملک اور امن دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کا ناکام بنانا ہے۔ اس نشست کا مقصد درپیش اختلافات، تنازعات اور مسائل کو باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کرنا ہے۔ہم سب نے مل کر تمام فرقہ جات کے مذہبی و مقدس پروگراموں کو پْرامن اور کامیاب بنانا ہے۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہر کی تمام حساس مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور پبلک مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی جائے۔تمام پروگرامز پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مشتبہ افراد وگاڑیوں کی چیکنگ مزید سخت کر دی جائے۔ایس پیز،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوزاپنے علاقوں میں منعقدہ تقریبات کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں۔سپروائزی افسران تمام پروگراموں پر تعینات نفری کو ڈیوٹی بارے خود بریف کریں۔کرونا وباء کے پیش نظر پولیس افسران و جوان ماسک پہنیں،کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔پولیس افسران سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہریوں کے ساتھ اپنے اور جوانوں کے تحفظ کا بھی خیال رکھیں۔
جشن میلادالنبیؐ‘ 329 جلوس،ریلیاں‘محافل سمیت 500سے زائدپروگرام
Oct 18, 2021