تین ہفتوں کے دوران 28شہروں میں 223اتائیت کے اڈے سیل 

لاہور (سٹی رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے اتائیوں کے خلاف جاری کارروائی کے دوران گذشتہ تین ہفتوں کے دوران 28شہروں میں 223اتائیت کے اڈے سیل کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق کمیشن کی ٹیموں نے 2,116علاجگاہوں پر چھاپے مارکر وہ223کاروبار بندکردیے گئے، جہاں پر اتائی کام کر رہے تھے ۔ 589 اتائیوں نے اپنے کاروبار ترک بھی کر دیے ہیں۔ علاوہ ازیں 1,125 ایسی علاجگاہوں کی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے جہاں پر چھاپوں کے وقت مستند معالجین موجود تھے۔ضلع رحیم یار خان میں کمیشن نے سیل کیے گئے اڈوں کوغیر قانونی طور پر دوبارہ کھولنے کے سبب چار اتائیوں کے خلاف مقدمات بھی درج کروا دیے ہیں۔ جن شہروں میں بڑی کارروائیاں کی گئیں ان میں راولپنڈی اور فیصل آباد ہر ایک میں 19،پاکپتن 15،لاہور14،ملتان اور خوشاب ہرایک میں 13،چکوال اور ننکانہ صاحب ہرایک میں 11 جبکہ قصور میں 10 اتائیوں کے اڈے سربمہر کیے گئے۔ لاہور میں بند کیے گئے اڈوں میں بڑی تعداد ان اتائیوں کی تھی جو جنرل فزیشنز بن کر لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہے تھے۔

ای پیپر دی نیشن