لاہور (خصوصی نامہ نگار)دربار بابا عرفانی میں عشرہ رحمتہ للعالمینﷺ وپیغام پاکستان کے موضوع پرکانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت سجادہ نشین سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی نے کی۔ کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری ،وزیر مملکت پارلیمنٹری افیئرز علی محمد خان،سجادہ نشین دیوان احمد مسعود چشتی ، دیوان عظمت محمد چشتی ، پیر عابد عارف نعمانی ، پیر سید عثمان نوری ، پیر حسنین محبوب گیلانی ، پیر افضال حسین زنجانی ، خواجہ غلام فرید کوریجہ ، پیر عبدالماجد شاہ ، پیر اللہ دتہ سرکار جی ، ڈاکٹر طارق شریف زادہ ، پیر کامران خضر نوشاہی ، خواجہ محمد اکمل اویسی ، پیر احمد شاہ قادری ، پیر شفیق احمد شاہ ، پیر عالم نواب بخاری ، پیر زین العابدین ، دیوان عظمت محمود ، پیر عامر حسین گیلانی ، پیر فخر توگیروی ، پیر عامر اقبال ، پیر عاصم سہروردی ، غلام محی الدین دیوان ، یونس چشتی سمیت ملک بھر سے مشائخ عظام ، علماء کرام اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس سے ڈاکٹر نور الحق قادری وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر عشرہ رحمۃ للعالمین ؐمنایا جا رہا ہے جس کا مقصدلوگوں میں حضور نبی کریم ﷺکی محبت اور اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐسے محبت اور آپ کے احکامات پر چلنے میں ہی کامیابی ہے۔وزیر مملکت پارلیمانی افیئرز علی محمد خان نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامز ن کرنے کے لیے نظام مصطفی ؐکا نفاذ ضروری ہے۔پیر سید محمد حبیب عرفانی نے کہا حضورؐوجہ تخلیق کائنات ہیں۔حضور کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہی دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے۔
حضورؐ کے احکامات پر چلنے میں ہی کامیابی ہے: نورالحق قادری
Oct 18, 2021