لاہور (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست کیرالہ میں جمعہ کے روز سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ ڈیم ٹوٹنے سے سیلابی ریلے نے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کر دیا۔ پانی کئی گاڑیوں کو بہا لے گیا۔ مختلف واقعات میں 23افراد ہلاک، 25 سے زائد زخمی اور 12 افراد لاپتہ ہیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئیں۔ مٹی کا تودہ گرنے سے تین مکانات بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ اور درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ مسلسل بارشوں کے باعث امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔ امدادی کاموں کے لیے فوج کو طلب کرلیا گیا۔ متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے نیوی کے ہیلی کاپٹر بھی مدد کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ 5 سے زائد ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے جہاں کووڈ-19 کی احتیاطوں کو مدنظر رکھ کر لوگوں کی مخصوص تعداد کو ٹھہرایا جائے گا۔