لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ عشق مصطفیٰؐ کا تقاضا ہے کہ ملک میں حضورؐ کے نظام رحمت کو نافذ کیا جائے کیونکہ اسکے بغیر ہماری مشکلات کا کبھی خاتمہ نہیں ہو سکتا۔ گزشتہ 74 برس میں ہم نے ہر نظام کو اپنایا لیکن ہماری مشکلات اور مسائل میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ ہم عشق و محبت کے بڑے دعوے تو کرتے ہیں لیکن آپؐ کے پیغام رحمت کو اپنانے کی طرف توجہ نہیں دیتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ لاہور میں رحمۃ للعالمینؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروفیسر مولانا فیاض احمد سلفی‘ مولانا محمد عبداﷲ‘ مولانا عبدالستار نیازی‘ رانا محمد آصف‘ میاں محمد اصغر اور حافظ اکرام الٰہی ظہیر نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہم رسولؐ سے محبت کی بات تو کرتے ہیں مگر اطاعت رسولؐ کی بات نہیں کرتے حالانکہ اﷲ نے قرآن پاک میں فرمایا کہ اﷲ اور اسکے رسولؐ کی اطاعت کرو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔ صرف باتیں اور خالی اعلان کرنے سے کامیابیاں نہیں مل سکتیں۔
دعوے حضورؐ سے عشق ک مگر ہم اطاعت رسولؐ نہیں کرتے: زبیر احمد ظہیر
Oct 18, 2021