لاہور (خصوصی نامہ نگار) نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظام مصطفیؐ کا نفاذ اپنے گھروں سے شروع کرنا ہو گا۔ سیرت اتھارٹی پاکستان کو صحیح سمت رہنمائی کیلئے قائم کی جا رہی ہے۔ سیاسی قائدین ملک کے سلامتی کے اداروں کو نشانہ نہ بنائیں۔ آج پاکستان قوم اور فوج کی وجہ سے محفوظ ہے۔ پاکستان کو لیبیا، شام، عراق بنانے کا خواب پورا نہ ہو گا۔ 12 ربیع الاول کو اسلام آباد میں تاریخی تقاریب ہوں گی۔ سیرت اتھارٹی رسول اکرم کی سیرت طیبہ کے تمام پہلوؤں کو نوجوان نسل اور دنیا کے سامنے لائے گی۔ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے حرمین شریفین میں نماز کے دوران فاصلے کا خاتمہ امت مسلمہ کیلئے عظیم خوشخبری ہے۔ اسلامک فوبیا اور اسلام پر لگائے جانے والے الزامات کا خاتمہ، اسلامی تعلیمات اور سیرت مصطفیٰؐ کو عام کرنے سے ہو گا۔ پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے اپنے دفتر متحدہ علماء بورڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا محمد خان لغاری، مولانا محمد اسلم قادری، مولانا شمس الحق، قاری مبشر رحیمی، مولانا عبد الحکیم اطہر، مولانا محمد اشفاق پتافی ، فہد بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔