مہنگائی نے جینا محال کردیا، 24اکتوبر کو احتجاجی مظاہرے کرینگے: جاوید قصوری

Oct 18, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ اور بڑھتی ہو ئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی 24اکتوبر تک پنجاب سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔تحریک انصاف کی حکومت نے ایک ماہ میں پٹرولیم کی قیمتوں میں 30روپے کا اضافہ کر کے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ مہنگائی نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔پٹرول 137.79، ہائی سپیڈ ڈیزل134، لائٹ ڈیزل 108، مٹی کا تیل 110روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔ تحریک انصاف کی بد ترین کارکردگی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی عوام کو زندہ درگور کرنے کے لیے بر سر اقتدار آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔ عوام کے ساتھ ساتھ حکومتی اتحادی بھی شدید ناراض نظر آتے ہیں۔ سمجھ نہیں آتا کہ حکومتی نمائندے کس ڈھٹائی اور بے شرمی سے عوام کا سامنا کررہے ہیں۔ قوم فی الفور موجودہ حکمرانوں سے نجات چاہتی ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورا ہفتہ بھر پور احتجاج کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ساڑھے 3سال میں پٹرول72، ڈیزل 83روپے فی لیٹر تک مہنگا ہوا ہے۔ عوام سوال پوچھتے ہیں کہ کہاں ہے وہ تبدیلی جس کا خواب قوم کو دکھایا گیا تھا۔ 37ماہ صرف ٹیکسز کی مد میں 500ارب عوام کی جیبوں سے نکال لیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں