گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ’’محسن انسانیت کانفرنس‘‘ کا انعقاد

لاہور (خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں پنجابی سکھ سنگت کے زیراہتمام اور انٹرفیتھ ریلیشنز ایم کیو آئی کے تعاون سے منعقدہ ’’محسن انسانیت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حضور نبی اکرم ؐ تمام جہانوں کیلئے رحمت للعالمین بنا کر بھیجے گئے۔انہوں نے کہاکہ آج ننکانہ صاحب کی سرزمین پر تاریخ رقم ہو گئی ہے۔ جنم استھان ننکانہ صاحب میں سرور کائنات کی ولادت کا جشن منایا جا رہا ہے۔ آج ایک نئی تاریخ لکھی گئی ہے جسے زمانہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے یہی پاکستان کا اصل پرامن چہرہ ہے۔ پاکستان میں مسلمان اور دیگر تمام مذاہب کے لوگ امن و محبت کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس جگہ تاجدرار کائنات کے میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے یہ جگہ بابا گرونانک کی جائے پیدائش (جنم استھان) ہے،اس تقریب کے انعقاد پر سکھ برادری کو مبارکباد دپیش کرتے ہیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کار خیر کو نظر بد سے بچائے۔کانفرنس میں سکھ،مسیحی،ہندو،مسلم رہنماؤں،تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان اور ملک کی دیگر ممتاز سیاسی،سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔تقریب کے میزبان سردار گوپال سنگھ نے استقبالیہ کلمات میں تمام مسلمانوں کو پیغمبر اسلام حضورنبی اکرمﷺ کے یوم ولادت کی مبارکباد دیتے ہوئے تقریب میں آنیوالے مہمانوں و شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا اور سردار گوپال سنگھ چاولہ چیئرمین پنجابی سکھ سنگت نے نقابت کے فرائض انجام دئیے۔

ای پیپر دی نیشن