حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر رانا سلیم احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومتی ہدایات کے مطابق عشرہ شانِ رحمۃ اللعالمین عقیدت و احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے۔ ضلع بھر میں قرآن خوانی، محفل میلاد اور سیرۃ النبی کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔محفل میلاد اور دیگر تقریبات میں حضور نبی کریمؐ کی تعلیمات، سیرت طیبہ اور اُسوہ حسنہ پر خصوصی لیکچرز دیئے جا رہے ہیں۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ اعلیٰ اوصاف کی حامل حضور نبی کریم ؐ کی ہستی انتہائی تعریف کے قابل ہے اور بحیثیت مسلمان ہم سب کا فرض ہے کہ ہم سب آپ ؐپرکثرت سے درودوسلام بھیجیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پہلی بار جشنِ عید میلاد النبی بڑے مذہبی جوش و خروش اور عقیدر و احترام سے منایا جا رہا ہے، جو اس بات کا مظہر ہے کہ تمام سرکاری اداروں، سکولوں، کالجز ، دینی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے محافل میلاد اور درود و سلام کی خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ انھوںنے کہا کہ حافظ آباد میں سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ دینی مذہبی جماعتوں کی جانب سے جہاں خصوصی محافل کا اہتمام کیا جارہا ہے تو وہیںدفاتر، مساجد، مارکیٹوں، بازاروں اور گلی محلوں کو خوب صورتی سے سجایا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک رانا سجاد احمد سمیت دیگر افسران نے بھی محفل سے خطاب کیا۔
سب کا فرض ہے نبی کریم ؐپرکثرت سے درودوسلام بھیجیں: ڈپٹی کمشنرحافظ آباد
Oct 18, 2021