پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس طارق نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے سلسلے میں سمندر پار تعیناتی میں عُمان کے شہر مسقط کی بندرگاہ سلطان بن قابوس کا دورہ کیا۔ شمالی بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں تعیناتی خطے میں بحری سیکیورٹی کو یقینی بنانےکے مقصد سے کی جارہی ہے۔ پی این ایس طارق جدید ترین اسلحے اور سینسرز سے لیس جہاز ہے اور یہ کثیرالخطر ماحول میں کئی قسم کے بحری آپریشنز سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بندرگاہ سلطان بن قابوس پہنچنے پر پاکستان کے دفاعی اتاشی اور رائل عمانی بحریہ کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران، پی این ایس طارق کے کمانڈنگ آفیسر نے سید بن سلطان نیول بیس کے کمانڈر، کموڈور راشد بن عبدالکریم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت اور تمام شعبہ جات میں باہمی روابط بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ کمانڈنگ آفیسر پی این ایس طارق نے عمانی عوام کے لیے بالعموم اور رائل عمانی بحریہ کے لیے بالخصوص چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جہاز کے دورے کے دوران، مباحثے اور بورڈنگ مشقوں کے مظاہرے کیے گئے۔ دورے کے اختتام پر پی این ایس طارق نے رائل عمانی بحریہ کے جہاز سادھ کے ساتھ دوطرفہ مشق میں حصّہ لیا۔ بعدازاں، پاک بحریہ کے جہاز نے عمانی بحریہ کے جہاز سادھ کے ساتھ خلیج عمان میں مشترکہ پٹرول میں بھی حصّہ لیا۔ پاک بحریہ خطے میں امن کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور سمندر میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ اس دورے سے باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے اور دونوں بحری افواج کے مابین آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس طارق کا عُمان کا دورہ
Oct 18, 2021 | 19:23