راولپنڈی (جنرل رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی خورشید عالم بھٹی نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی ملکیتی جائیداد میں لال حویلی سمیت 7یونٹس پر شیخ رشید احمد اور ان کے بھائی کو بے دخلی کے نوٹس جاری کرنے کے خلاف درخواست پر ڈائریکٹر متروکہ وقف املاک کو نوٹس جاری کر تے ہوئے آج منگل مکمل ریکارڈ سمیت عدالت طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے متروکہ وقف املاک کوحکم دیا ہے کہ درخواست گزار کے خلاف مزیدکوئی کارروائی نہ کی جائے۔ شیخ رشید نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ لال حویلی کئی دہائیوں سے ان کی ملکیت ہے جبکہ ان کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی گئی۔ مجاز عدالت میں پہلے ہی مقدمہ زیر سماعت ہے اور اس کی آئندہ تاریخ 24 اکتوبر مقرر ہے، اس کے باوجود غیر قانونی نوٹس بھیجا گیا۔سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لال حویلی ایک تاریخ ہے کوئی نائن زیرو نہیں، کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا 8 میں سے 6 نشستیں جیتناعالمی ریکارڈ ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا ہے کہ 16 وزارتوں کی تحقیق اور تفتیش میں تمام اداروں کو میرے خلاف کوئی چیز نہیں ملی اب 3 مرلے کی لال حویلی نکال دی ہے، لال حویلی کوئی نائن زیرونہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ نا اہل حکمران اپنے لیے رسوائی اور ہمیں مزید پذیرائی دے رہے ہیں، لال حویلی ایک تاریخ ہے جسے کوئی ختم نہیں کر سکتا۔
شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کا حکم چیلنج کر دیا‘ عدالت نے مزید کارروائی روکدی
Oct 18, 2022