لاہور(خبرنگار)لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر کے خلاف پنجاب یونیورسٹی غیرقانونی بھرتیوں کا ریفرنس نیب کو واپس بھجوانے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا احتساب عدالت کے جج قمر الزمان نے دو صفحات پر مشتمل مختصر فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے تحریری فیصلہ میں کہا ہے کہ نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت 50 کڑور سے کم والے کیسز نیب کے دائرے میں نہیں آتے اس لئے کیس کو واپس نیب کو بھجوایا جاتا ہے ۔عدالت میں نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ڈاکٹر مجاہد کامران و دیگر نے بریت کی درخواستیں بھی دائر کر رکھی تھیں ۔ریفرنس میں ڈاکٹر مجاہد کامران کے علاوہ دیگر ملزمان میں پروفیسر حسن مبین عالم اور پروفیسر ڈاکٹر عبد الخالق شامل ہیں نیب ریفرنس کے مطابق پروفیسر حسن مبین عالم اور پروفیسر ڈاکٹر عبد الخالق غیر قانونی طور پر بھرتی کیئے جانے والے پروفیسرز میں شامل ہیں۔
نیب ریفرنس میں ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت چھ ملزمان کے خلاف 450 افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کرنے کا الزام عائد کیاگیا ہے۔