فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ نیوٹریشنل بائیو کیمسٹری غذائی قلت پر قابو پانے میں کلیدی کردار کی حامل ہے جسے بروئے کار لاتے ہوئے خواتین اور بچوں کو متوازن غذا فراہم کی جاسکتی ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کے شعبہ بائیو کیمسٹری اورفیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونیوالے ایک روزہ سمپوزیم برائے نیوٹریشنل بائیو کیمسٹری کے افتتاحی اجلاس سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت غذائی قلت پر قابو پانے کا بنیادی کلیہ ہے جس سے بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے بہتر خوراک کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ غذائی حوالے سے بائیو کیمسٹری کو استعمال کرتے ہوئے ان نباتات کو غذائی اجناس میں شامل کر کے متوازن اور صحتمند غذائیں آبادی کو مہیا کرنے کیلئے سائنسی بنیادوں پر پیش رفت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ پاکستان سائنس اکیڈمی اسلام آباد کے ایگزیکٹو ممبر پروفیسر ڈاکٹر انوار الحسن گیلانی نے کہا کہ موجودہ دور میں غذائی عادات اور صحت مند لائف سٹائل اپنانے کیلئے غذائی توازن نباتات کے ذریعے نہ صرف برقرار رکھا جا سکتا ہے بلکہ عام غذا میں زیادہ طاقت ور اجزاء بھی شامل کرنے کیلئے نیوٹریشنل بائیو کیمسٹری کا استعمال اشد ضروری ہے ۔ سابق وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خاںنے بائیو کیمسٹری کی وسعت اور اثر پذیری کے حوالے سے دنیا بھر میں ہونیوالی کاوشوں اور کامیابیوں کا احاطہ کرتے ہوئے اسے غذائی کمی کا بہترین حل قرار دیا ۔ ایف اے او کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 37ملین افراد متوازن غذا دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے غذائی کمی کا شکار ہیں۔ ڈین کلیہء سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر باجوہ نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ بائیو کیمسٹری انسانی صحت اور غذائی توانائی کے لئے جدید سائنسی خطوط پر تحقیق کے بے پناہ مواقع رکھتی ہے۔ ڈاکٹر حبیب اسلم گابا نے کہا کہ جب تک نباتیاتی خزانے کو غذائی اجزاء کے طور پر خوراک میں شامل نہیں کیا جاتا تب تک امراض قلب ، ذیابیطس اور بلند فشار خون جیسے بڑھتے ہوئے خطرات کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ چیئر مین شعبہ بائیو کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر عامر جمیل نے ایک روزہ سمپوزیم کے شرکاء اور کلیدی مقررین کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ ترقی پذیر ممالک میں غذائی کمی میں ہونیوالے اضافے کو روکنے کے لئے یہ سمپوزیم اہم سفارشات مرتب کرنے میں کامیاب رہے گا۔
ڈاکٹر کامران شریف نے کہا کہ ہماری فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز غذائی کمی پر قابو پانے کے لئے مختلف شعبہ جات کے ساتھ مل کر مربوط کوششیں بروئے کا رلانے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے جس کے مثبت نتائج مرتب ہونگے۔سمپوزیم میں طلبہ اور اساٹذہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
نیوٹریشنل بائیو کیمسٹری غذائی قلت پر قابو پانے میں کلیدی کردار کی حامل :ڈاکٹر اقرار احمد
Oct 18, 2022