تاجر برادری کا معیشت میں اہم حصہ ،ملکر اقدامات کرینگے:ڈپٹی کمشنر لاہور

Oct 18, 2022


لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور سینئر نائب صدر چودھری ظفر محمود نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا ہاشم رضا سے ملاقاتیں کیں اور تاجروں کو درپیش مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی نے کہا کہ نئی فائر پالیسی تشکیل دے دی گئی ہے ، شجرکاری بھی اس کا ایک اہم حصہ ہے۔ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔ پچھلے سال اکتوبر میں 9800کیسز تھے جبکہ اکتوبر میں آج کی تاریخ تک صرف 1350کیسز ہیں جبکہ 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر چودھری ظفر محمود اور چیف کارپوریشن آفیسر ایم سی ایل سید علی عباس نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لاہور کی آبادی کا بڑا حصہ تاجر ہیںاور معیشت میں ان کا حصہ نمایاں ہیں، لاہور چیمبر سے مل کر مشترکہ اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس پٹرول پمپ پر فائر ہائیڈرنٹ نہیں ہوگا۔ اسے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ لاہور میں بالخصوص پرانی عمارتوں میں فائر سیفٹی کا سامان نہیں ہے۔ سموگ اور ڈینگی کیلئے آگاہی مہم شروع کرنے میں لاہور چیمبر ہمارا ساتھ دے۔ سید علی عباس نے کہا کہ ہال روڈ اور ہائیکورٹ کے اطراف میں پارکنگ کا بہت مسئلہ ہے، چارجگہوں پر پارکنگ پلازے شروع کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر کسی خلاف قانون کام کو سپورٹ نہیں کرتا لیکن کسی کا چالان یا پرچہ دینے سے قبل اسے آگاہ کردیا جائے۔ 
اگر بہتری نہ ہو تو پھر یہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ سینئر نائب صدرچودھری ظفر محمود نے کہا کہ سموگ اور ڈینگی کے حوالے سے لاہور چیمبر کے اشتراک سے واک کا اہتمام کیا جائے، گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے کیلئے لاہور چیمبر سمیت دیگر جگہوں پر خصوصی کیمپ لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر پنجاب ریونیو اتھارٹی کا پارٹنر تھا، کسی شکایت کی صورت میں پہلے چیمبر کو اعتماد میں لیا جاتا تھا اور لاہور چیمبر اپنے ممبران کو آگاہ کرتا تھا، یوں قواعد سے ہم آہنگ ہونے کیلئے وقت مل جاتا تھا۔ یہ سلسلہ شروع ہونا چاہیے۔ 

مزیدخبریں