ادارہ تدوین،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اشتراک سے قانون نویسی کورس کا آغاز

Oct 18, 2022


اسلام آباد(نا مہ نگار)ادارہ تدوین اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اشتراک سے ملک بھر سے قانون کے شعبے کے فارغ التحصیل گریجویٹس اور ریسرچ ایسوسی ایٹ پر مشتمل قانون نویسی کے دوسرے کورس کا پیر کے روز آغاز اجرا کیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری برائے خصوصی اقدامات نے تدوین کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے کورس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق اور عوامی آرا موثر قانون سازی کے لیے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحقیق پر مبنی موثر قانون سازی کے لیے نوجوانوں کی قانون نویسی میں تربیت اور استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کورسز کا بنیادی مقصد عوام اور مقننہ کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے اور قانون کے مسودوں میں پائے جانے والے سقم کو اجاگر کرنا ہے تاکہ ان کی اصلاح کی جا سکے۔انہوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تحقیق پر مبنی قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی قومی اسمبلی محمد مشتاق احمد نے شرکا کو کورس کے بنیادی ڈھانچے اور اس کی اہمیت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کورس سے شرکا کو قانون سازی کے بارے میں سیکھنے اور قومی اسمبلی میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔
بعد ازاں ایڈیشنل سیکرٹری قومی اسمبلی برائے خصوصی اقدامات اور ایڈیشنل برائے قانون سازی نے تدوین کے زیر اہتمام قانون نویسی پر کورس مکمل کرنے والے پہلے بیج کے شرکا میں اسناد تقسیم کیں۔

مزیدخبریں