کراچی(نیوز رپورٹر) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ دین کا علم حاصل کرنا ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے، فرض علوم کے بارے میں معلومات حاصل کریں،دین کے اعتبار سے ضروری علم حاصل کریں،یہاں تک کہ کفریہ کلمات کے بارے میں بھی علم کا سیکھنا ضروری ہے، ایمان باقی رکھنے کیلئے کیا کیا ضروری ہے اس کا علم اگر نہیں ہوگا تو اندیشہ ہے کہ ایمان سے نہ نکل جا ئے اور ہمیں پتابھی نہ چلے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہاکہ اعمال کا اعتبار خاتمے پر ہے،ایمان پر خاتمہ ہوگا تو نیکیاں کام آئیں گی ورنہ نیکیاں کام نہیں آئیں گی اور ساری محنت رائیگا جائے گی۔ لہٰذا ایمان ضروری ہے اور یہ سب سیکھنے سے آئے گا،سیکھے بغیر نہیں آئے گا،افسوس یہاں تو کچھ پرواہ نہیں ہے،ہم مسلمان کے گھر پیدا ہوئے ہم مسلمان ہیں بس اسی پر اکتفاہے،اگر خدانخواستہ کسی اور کے گھر پیدا ہوئے ہوتے تو ہمارا کیا ہوتا،صحابہ کرام نے ایمان کیلئے کتنی جدوجہداور کتنی قربانیاں دی ہیں،کتنے ظلم برداشت کئے اور اسلام پر ڈٹے رہے،ہمیں تو ورثے میں اسلام مل گیا،افسوس اس کی معلومات کچھ نہیں ہے۔فرض علوم سیکھیں اور اپنی معلومات بڑھاتے رہیں۔امیر اہل سنت نے کہا کہ بے شک نماز بری باتوں سے روکتی ہے،اگر کسی کی نماز بری باتوں سے نہ روکے تو اس کو چاہئے کہ وہ اپنی نماز کو درست کرے،عام طور پر لوگ اپنے گھر کے بزرگوں کو دیکھ کر نماز پڑھ رہے ہوتے ہیں مگر انہیں درست نماز پڑھنا نہیں آتی ہے،افسوس نماز سیکھنے کا جذبہ بھی نہیں ہے،نمازکے مسائل سیکھناچاہئے،نماز کے ہزاروں مسائل ہیں جنہیں سیکھنا ضروری ہے، جب نماز درست ہوتی ہے تو فائدہ ہوگا،نماز درست ہوگی تو ہی برائیوں سے روکے گی،نماز درست کرنے کیلئے سیکھنا ہوگا،اگر نماز پڑھنا نہیں آتی تو اس کو ترک نہ کریں،نماز پڑھنے کے ساتھ سیکھنے کا عمل بھی جاری رکھیں،اللہ پاک ہمیں حقیقی معنوں میں علم دین حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
مولانا الیاس قادری