بلدیاتی امیدواران ، مردو خواتین کارکنان عزم و حوصلے اور یکسوئی کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں‘ امیر کراچی 


کراچی(نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ 23اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا واضح اور دو ٹوک اعلان کرے ، فوج اور رینجرز کو بھی واضح طور پر بلائے اور کراچی کے ہر پولنگ اسٹیشن پر تعینات کرے کیونکہ کراچی کے تمام پولنگ اسٹیشن حساس ہیںکوئی زیادہ حساس اور کوئی کم حساس ، الیکشن کمیشن کو آئین کے تحت اختیار حاصل ہے کہ وہ اداروں کے لوگوں کو طلب کر سکتا ہے اس لیے چیف الیکشن 
کمشنر یہ بھی واضح کریں کہ کیا فوج اور رینجرز ان کے طلب کرنے پر الیکشن کے دوران اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر تیار نہیں ؟ الیکشن کمیشن ،سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے التواءکی بار بار دی جانے والی درخواستوںاور اس کے غیر جمہوری اور غیر قانونی رویے کا نوٹس لے۔سندھ حکومت کی کروڑوں روپے کی اشتہاری مہم کا بھی نوٹس لے اور اسے بند کروائے کیونکہ یہ انتخابی ضابطے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ، تمام بلدیاتی امیدواران ، مردو خواتین کارکنان و ذمہ داران عزم و ہمت اور بلند حوصلے اور پوری یکسوئی کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں ۔ جماعت اسلامی کے حق میں ماحول بنا ہوا ہے ، 23اکتوبر کو تاریخی کامیابی ضرور ملے گی جس کا اثر پورے ملک پر ہو گا اور جماعت اسلامی ایک موثر سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی ۔ان خیالات کا اظہار پیر کوانہوں نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت بلدیاتی انتخابی مہم اورتیاریوں کے سلسلے میں بلدیاتی امیدواروں کے کنونشن اور قبل ازیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کنونشن میں جماعت اسلامی کراچی الیکشن سیل کے نگراں راجہ عارف سلطان اور سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان نے بھی خطاب کیا ۔ کنونشن سے شہر بھر سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار برائے چیئر مین ، وائس چیئر مین اور وارڈ کونسلر نے شرکت کی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لیے سندھ حکومت روز الیکشن کمیشن کو خط لکھ رہی ہے ، ان کے وزراءکراچی کے مسائل کی ذمہ داری کراچی کے عوام پر ڈال رہے ہیں اور الزام لگا رہے ہیں کہ یہاں کے لوگ خود مسائل پیدا کرتے ہیں اور پھر ان کو بڑھا چڑھا کر بیان کرتے ہیں ۔ ہم کہتے ہیں کہ کراچی میں جن لوگوں کی حکومت رہی ہے اور یہاں کے عوام جن سنگین مسائل سے دوچار ہیں ان کی ذمہ داری جن جن پر عائد ہو گی ہم ان کو بے نقاب کر تے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دولت کی بنیاد پر سیاست نہیں کرتی صرف ایمانداری کی بنیاد پر سیاست کرتی ہے ، اپنی تنظیم اور تحریک کی وجہ سے برے سے برے حالات میں بھی کراچی میں ثابت قدم کھڑی رہی ہے اور آج عوام کی ایک موثر اور توانا آواز بن گئی ہے ،راجہ عارف سلطان نے الیکشن سے قبل اور الیکشن ڈے پر پولنگ اسٹیشنز کے اندر پولنگ ایجنٹس اور امیدواران کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ضروری ہدایات اور اہم نکات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تمام پولنگ ایجنٹس اپنے اپنے بوتھ سے حتمی نتیجے پر مشتمل فارم جن میں کاسٹ ووٹوں اور بیلٹ پیپرز کی تعداد شامل ہیں ‘ لیے بغیر ہر گز باہر نہ آئیں ۔ صبح سات بجے سے قبل اپنے پولنگ اسٹیشن پر لازمی پہنچیں اور ریٹرننگ آفسرکے ساتھ اپنے سامنے انتخابی سامان کی سیل کھلوائیں اور اگر اس میں گڑ بڑ ہو تو فوراً متعلقہ ذمہ داران کو اطلاع دیں ۔ پولنگ والے دن ووٹروں کو گھر سے لانے اور ووٹ کاسٹ کروانے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔
حافظ نعیم

ای پیپر دی نیشن