لاہور(نیوزرپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر مسعود نے کہا ہے کہ گلپور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا اور اب، گلپور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نیشنل گرڈ کو سستی بجلی فراہم کر رہا ہے۔ نیسپاک نے ایم ڈبلیوایچ (یوایس اے) کے ساتھ مل کر اس پراجیکٹ کیلئے کنسلٹنسی خدمات فراہم کی ہیں۔ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کو جنوبی کوریائی کمپنیوں کے کنسورشیم کے ذریعے سپانسر کیا گیا ہے جس کی قیادت کوریا ساؤتھ ایسٹ پاور کمپنی کر رہی ہے جو 30 سال کی مدت کیلئے اس پروجیکٹ کو چلائے گی۔ یہ پلانٹ رن آف دی ریور ہائیڈرو الیکٹرک جنریشن پر مشتمل ہے جو کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں گلپور گاؤں کے قریب دریائے پونچھ پر واقع ہے۔ دریائے پونچھ دریائے جہلم کی بڑی معاون ندیوں میں سے ایک ہے۔یہ سائٹ اسلام آباد سے تقریباً 167 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور ہر موسم میں اس تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔اس پروجیکٹ کی مالی اعانت بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن، ایشیائی ترقیاتی بینک، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف کوریا اور ایف ایم او نیدرلینڈز پر مشتمل کثیر جہتی ترقیاتی بینکوں نے کی تھی۔
سستی بجلی کیلئے گلپور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا:ڈاکٹر طاہر مسعود
Oct 18, 2022