رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت)ریلوئے اے ای این رائے ونڈ غلام مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ریلوئے اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف گرینڈ آپریشن آئندہ ہفتے شروع کررہے ہیں۔ ریلوئے اراضی کو قبضہ گروپ سے واگزار کروانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قصور،پاکپتن،پتوکی،رائے ونڈ،رینالہ خورد،اوکاڑہ سمیت دیگر علاقوں میں ریلوئے اراضی پر قابض افراد کے خلاف آپریشن مرحلہ وار شروع کیا جارہا ہے۔ رائے ونڈ میں ریلوئے کوارٹر ز بارے مفصل رپورٹ بھی تیار کی جارہی ہے۔ مسافروں کیلئے پینے کا صاف پانی،روشنی،سمیت دیگر انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ عالمی اجتماع کے موقع پر دنیا بھر سے آنیوالے مندوبین کو بہتر سفری سہولیات کیساتھ ساتھ ریلوئے سٹیشن پر بھی تمام سہولیات میسر آسکیں۔ ریلوئے اراضی کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ بااثر قبضہ گروپ کے خلاف منظم انداز میں آپریشن کلین اپ کیا جائیگا۔