پشاور(بیورورپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی،خوراک اور سپورٹس و امور نوجوانان عاطف خان نے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر خیبرپختونخوا اور پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کی بھرپور محنت اور عوام کی سپورٹ اور ووٹ سے تاریخی جیت کے بعد غیر فطری پی ڈی ایم کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی ،ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدوار اپنے ہی حلقوں میں بھی ہار گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد جاری ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں پی ڈی ایم اپنے ہونے والے حشر کا ابھی سے اندازہ لگالیں کیونکہ پاکستان کے عوام نے عمران خان کیساتھ کھڑے ہونے کا تہیہ کر رکھا ہے انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ثابت کردیا کہ عمران خان پاکستانی عوام کا لاڈلہ لیڈر ہے۔ پاکستانی عوام عمران خان سے محبت کرتی ہے اور ان پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا وقت عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کاہے اور انشاء اللہ وفاق سمیت ملک بھر میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائینگے۔
عاطف خان