اسلام آباد(آئی این پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے طلبہ کے مسائل ایک ہی چھت کے نیچے حل کرنے کے لئے کیمپس کے اندر فیسلیٹیشن سینٹرجبکہ آن لائن معلومات کی فراہمی کے لئے اسٹیٹ آف دی آرٹ کال سینٹر قائم کردیا ہے جس کے اندر 35کیبنز بنائے گئے ہیںجس پرکال کرنے والے طلبہ کے مسائل سنے جائیں، طلبہ کے سوالوں کا جواب او ر انہیں درکار معلومات فوری طور پر فراہم کی جائیں گی۔آن لائن معلومات حاصل کرنے کے لئے طلبہ یونیورسٹی کے کال سینٹر کے نمبر 051-111-11-2468پر کال کریں گے ۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے گذشتہ روز فیسلیٹیشن اور کال سینٹر کا افتتاح کرکے دونوں مراکز کو باقاعدہ طور پر فعال کردیا ہے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار ، راجہ عمر یونس اور پرنسپل افسران موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ طلبہ ہمارے اثاتہ ہیں، اُن کی سہولتوں میں اضافہ شروع سے ترجیح رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن کے بعد فیسلیٹیشن اور کال سینٹر کا قیام اُن کی دوسری منزل تھی۔انہوں نے دونوں مراکز کے عملے کو طلبہ کے ساتھ نرم لہجہ اور خندہ پیشانی کے ساتھ بات کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزیدکہا کہ یونیورسٹی آنے والے طلبہ کے ایک ہی دن میں حل ہونے والے مسائل فیسیلیٹیشن سینٹر سے ہی حل ہونے چاہئیے۔وائس چانسلر نے فیسیلیٹشن سینٹر کے انچارج ، عاطف فاروق سولنگی کو روزانہ کی رپورٹ یونیورسٹی کے پرنسپل افسران جبکہ ہفتہ وار رپورٹ وائس چانسلر آفس ارسال کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی علمی ترقی کے لئے اُن کی تیسری منزل کانٹینٹ ڈیولپمنٹ ہے جس کا آغاز چند ہفتوں میں کردیا جائے گا۔ وائس چانسلر نے فیسلیٹیشن سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور سینٹر میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا ۔ فیسلیٹیشن سینٹر میں سٹوڈنٹ ایڈوائزری کے 3کائونٹرز بنے ہیں، ورکشاپس/ٹیوٹرز، داخلے ، امتحانات اور فیسوں کے معاملات کے لئے ایک ایک کائونٹر جبکہ کتابوں کی معلومات کے لئے 3کائونٹرز بنائے گئے ہیں۔ سینٹر میں130 طلبہ کے بیک وقت بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ سینٹر میں پہلے آئے پہلے پائیں کی بنیاد پر معلومات فراہم اور مسائل حل کی جائیں گی۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی