اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے تخیف غربت و سماجی تحفظ محترمہ شازیہ مری نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ پاکستان میں تخفیف غربت و سماجی تحفظ کیلئے ‘‘بینظیر انکم سپورٹ پروگرام’’ کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد سماجی تحفظ کے ایک جامع نظام کے ذریعے معاشرے کے پسماندہ طبقوں بالخصوص خواتین کومعاشی و سماجی تحفظ فراہم کر کے محروم خاندانوں کی زندگیوں میں ایک پائیدار و مثبت تبدیلی لانا اور غربت کا خاتمہ کرنا ہے۔دنیابھر میں 17 اکتوبر غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس دن کے حوالے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ اس دن کا مقصد غربت میں زندگی بسر کرنے والے لوگوں کی کوششوں اور جدوجہد کو تسلیم کرنا، ان کو آگے بڑھنے کے مواقع مہیا کرنا اور یہ تسلیم کرنا ہے کہ غربت بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کے خلاف اکٹھے ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس دن کا مرکزی خیال یہ بھی ہے کہ عزت سب کیلئے ہے یعنی عزت کا تعلق انسان کی معاشی حیثیت سے نہیں بلکہ اس کے انسانی اقدار سے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں غربت کے باعث مرد و عورت یکساں طور پر سماجی جبر کا شکار ہیں ۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو سہ ماہی بنیادوں پر بینظیر کفالت پروگرام کے ذریعے7000 روپے دیئے جاتے ہیں، انہی خواتین کے 4 سے 22 سال تک کے بچوں کو 1500 سے لیکر 4000 تک بینظیر تعلیمی وظائف دئے جاتے ہیں تاکہ وہ تعلیم حاصل کرکے اپنے کنبہ کی غربت مٹا سکیں۔
شازیہ مری
بی آئی ایس پی کا آغاز بینظیر بھٹو کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، شازیہ مری
Oct 18, 2022