ٹی 20 ورلڈ کپ ، اسکاٹ لینڈ نے کالی آندھی کو ہرادیا


کراچی  ( اسپورٹس رپورٹر) آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ کے میچ میں ایک اور اپ سیٹ ہوگیا۔سکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی،ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ابتدائی وکٹ 20رنز پر گری جس کے بعد دیگر کھلاڑی وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے گئے۔پوری ٹیم 18.3اوور میں 118رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، جیسن ہولڈر 38رنز بنا کر نمایاں رہے،آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5وکٹوں کے نقصان پر 160رنز بنائے،اسکاٹش اوپنر جارج منسی 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف اور ہولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ علاوہ ازیں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی، جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کیویز بلے باز بیٹنگ پر آئے لیکن جنوبی افریقہ کے بولرز نے انہیں زیادہ رنز نہ کرنے دیا،نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 26 رنز مارٹن گپٹل نے بنائے اور پوری ٹیم 98 رنز پر آئوٹ ہوگئی،جنوبی افریقا کے کشوا مہاراج نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کے آسان ہدف کو ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔جبکہ ورلڈکپ کے پہلے مرحلے کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں زمبابوے نے آئر لینڈ کو 31 رنز سے ہرا دیا۔ زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز سکور کئے ۔ ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم کے بیٹر اچھی پرفارمنس نہ پیش کرسکے اور ٹیم 9 وکٹ پر 143 رنز بناسکی۔

ای پیپر دی نیشن