گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )ممبران صوبائی اسمبلی محمدتوفیق بٹ ،حاجی محمدنواز چوہان اور وقار احمدچیمہ نے برطانوی پارلیمنٹ کے لارڈ واجد خان ،ممبران پارلیمنٹ طاہر علی ،خالد محمود،ساجد جاوید اور افضل خان کیساتھ برطانیہ میں ملاقات کی اس موقع پر برطانوی پارلیمنٹ وفد نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیںبرطانیہ کے مسلمانوں کووزیراعظم میاں شہباز شریف کی خدمات پر فخر ہے جبکہ ممبران صوبائی اسمبلی نے برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو پاکستان کی تعمیر وترقی میں کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، جن کے مسائل سے وہ آگاہ ہیں،انہوں نے بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو تلقین کی ہے کہ وہ جس ملک میں بھی رہ رہے ہیں اس کی ترقی و کامیابی کے لیے زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور کردار ادا کریں اور ساتھ ہی اس ملک کی مقامی سیاست کے تمام میدانوں میں حصہ لے کر اقتدار کے ایوانوں میں آگے بڑھیں ۔