شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)ممتاز مذہبی سکالر مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا ہے نبی اکرم سرور کائنات حضرت محمد مصطفی ؐتمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے ‘ امام الانبیاء حضرت محمد ؐکا ذکر خیر کرنا اپنے گناہوں کی مغفرت کرنے کا وسیلہ ہے، ربیع الاول کا بابرکت مہینہ ہمارے آقا سے محبت ،بھائی چارے اور امن کے فروغ کا درس دیتا ہے ،رسول اکرم ؐکی زندگی اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونا ہی حقیقی مومن کی پہچان ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا صاحبزادہ غلا م مرتضیٰ شازی نے کہا دین اسلام کی ترویج و اشاعت کیلئے ہر مسلمان کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے یورپ سمیت دنیا بھر میں اسلام کے خلاف سازشیں جاری ہیں جنہیں ناکام بنانے کیلئے ہمیں متحد ہو کر آواز اٹھانا ہوگی، انہوں نے کہا نبی کریم ؐکی دنیا میں تشریف آوری کائنات پر رب کریم کا بہت بڑا احسان ہے تاجدار مدینہ حضرت محمد مصطفی ؐکی آمد سے تاریک دل جگمگا اٹھے بے سہاروں کو سہارا اورانسانیت کو جینے کا سلیقہ ملا، جو کفار اپنی معصوم بچیوں کو زندہ درگور کرتے تھے انہیں اسلام کی روشن تعلیمات نے تمام برائیوں سے بچنے کی راہ دکھائی۔
13 محمد مصطفی ؐتمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے:غلام مرتضیٰ شازی
Oct 18, 2022