شاہ زیب قتل کیس: سپریم کورٹ نے شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر ملزمان کو بری کردیا

Oct 18, 2022 | 13:11

ویب ڈیسک

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ  جتوئی سمیت دیگر ملزمان کو بری کردیا ہے۔ مقدمے کی سماعت 3 رکنی ججز بینچ نے کی۔ 

تفصیلات کے مطابق شاہ زیب قتل کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے معزز جج  جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے  کی۔سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فریقین کا پہلے ہی راضی نامہ ہوچکا، ملزمان دہشت پھیلانے کا ارادہ نہیں رکھتے تھے۔ قتل کے واقعے کو دہشتگردی کا رنگ دیا گیا۔مقدمے کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے 3 رکنی ججز بینچ نے فیصلہ  سناتے ہوئے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر ملزمان کو بری کردیا۔

خیال رہےکہ 25 دسمبر 2012 کو درخشاں تھانے کی حدود میں 20 سالہ نوجوان شاہ زیب  کو بہن کی شادی سے گھر واپسی پر کراچی میں ڈیفنس کے علاقے میں قتل کردیا گیا۔پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

بعد ازاں مقامی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس میں شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور کو سزائے موت سنائی تھی جب کہ ملزم نواب سجاد اور غلام مرتضیٰ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔سندھ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو عمرقید کی سزا سنائی جب کہ ملزمان نے عمرقید کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔عدالتِ عظمیٰ نے ملزمان کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

مزیدخبریں