لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ کامرس رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹرانسپورٹ کرایوں، آٹا، گھی، چکن، دالوں اور چینی کے نرخ میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ محسن نقوی نے فیصل آباد میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ڈیزل بس کا کرایہ 10فیصد، پٹرول بس کا کرایہ 15فیصد کم ہوچکا ہے۔ دالو ں کے نرخ میں 20 سے 30روپے کمی کی جائے گی۔ گھی کا نرخ 15روپے فی کلو کم ہوگا۔ چکن کے نرخ 12 سے 15فیصد تک نیچے آجائیں گے۔ ہمیں عوام کا فائدہ دیکھنا ہے، جہاں جہاں ریلیف دے سکتے ہیں، دیں گے۔ قیمتوں میں کمی لانا ہمارا فرض ہے، کسی پر احسان نہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ معیشت مضبوط ہورہی ہے، میرے علم میں ہے آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں ملیں گی۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے پوری ٹیم کل سے محنت کررہی ہے۔ دال کی قیمت میں 30روپے کی کمی آئی ہے۔ آٹے کی قیمت 15روپے فی تھیلا کم ہوگی۔ حکومت پنجاب گندم ریلیز کرنا جلد شروع کرے گی، آٹے کے نرخ مزید کم ہوں گے۔ نرخ 3500 سے 4000 فی من کرنے سے آٹے کی قیمتوں میں کمی ناگزیر ہے۔ گھی کی قیمت میں 15روپے کمی آئے گی۔ پولٹری کی پرائسز میں 12سے 15فیصد کمی آئے گی۔ چکن کی قیمتوں میں 110 روپے فی کلو کمی آئے گی۔ چینی کی قیمت 180روپے سے کم ہوکر 145روپے فی کلو ہوچکی ہے، ایکس مل چینی 133روپے ہے، چینی کی قیمت مزید کم ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیمتیں کم کرنے کے لئے 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی تھی، 8گھنٹوں میں قیمتیں کم ہوگئیں۔ میں خود بھی کرایو ں کے بارے میں بس سٹینڈز پر دورے کر کے معلوم کرتا رہا۔ فیصل آباد کے لاری اڈے کا بھی وزٹ کیا ہے، مختلف بسوں میں مسافروں سے کرائے کے بارے میں دریافت کیا۔ کارگو کے کرائے کم کرنے کے حوالے سے مذاکرات بھی کامیاب رہے، 10فیصد کرایہ کم کریں گے۔ 600 کرایہ دینے والے مسافر کو کم ازکم 100روپے کی بچت ہوگی۔ پٹرول مزید سستا ہوا تو قیمتیں مزید کم کروائیں گے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ فیصل آباد میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ چیمبر آف کامرس کے دوستوں سے مشاورت کی ہے۔ ہم کسی کا نقصان نہیں چاہتے نہ ہی کسی کا حق سلب کرنا چاہتے ہیں۔ ہم میں سے کسی نے الیکشن نہیں لڑنا۔صحافی میرے دل کے قریب ہیں، ان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ قبل ازیں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا۔ صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور دیگر عہدیداران نے وزیر اعلی محسن نقوی کا خیرمقدم کیا۔ محسن نقوی کی زیر صدارت تاریخ میں پہلی بار فیصل آباد میں پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب کابینہ کا شہریوں کی سہولت کے لئے ہر محکمے میں شکایات کے ازالے کے لئے کمشنرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ کمشنرز محکموں سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کیلئے اقدامات کریں گے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کی تاریخی اور قدیم عمارتوں کی بحالی اور تزئین وآرائش یقینی بنانے کے لئے پنجاب کابینہ نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار صوبہ بھر میں وسیع کرنے کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں محسن سپیڈ فیصل آباد پہنچ گئی، ٹرانسپورٹ کے کرائے کم ہوگئے۔ محسن نقوی نگران کابینہ کے ساتھ فیصل آباد کے لاری اڈہ پہنچ گئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بسوں میں سوار مسافروں سے ملاقات کی اور کرایوں میں کمی کے بارے استفسار کیا۔ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ فیصل آباد میں کوچ میں سفرکرکے منفرد روایت قائم کی۔ بعد ازاں کمشنر آفس میں وزیر اعلی محسن نقوی سے فلور ملز ایسوسی ایشن، کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب، بار ایسوسی ایشن کے وفود نے ملاقاتیں کیں اور بریفنگز بھی دی گئیں۔ محسن نقوی سے فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات میں وکلاء برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ اور میوہسپتال کے زیرتعمیر ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا۔ شاہدرہ ہسپتال میں مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے، ہسپتال میں موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو رائزک انجکشن باہر سے خریدنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی فارمیسی میں گئے تو رائزک انجکشن کا سٹاک موجود تھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی صورتحال دیکھ کر شدید برہم ہوئے اور سینئر میڈیکل افسر کی سرزنش کی۔ وزیراعلی نے انجکشن باہر سے خریدنے والے مریضوں کے پیسے فوری طورپر واپس کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی اچانک لاہور کے لاری اڈہ پہنچ گئے اور بسوں میں سوار مسافروں سے ملاقات کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بسوں، کوچز اور وین میں جاکر مسافروں سے کرایوں کے بارے پوچھا۔ محسن نقوی صوبائی کابینہ کے ساتھ رات گئے کینال روڈ فیصل آباد پہنچ گئے۔ نہر کے دونوں اطراف لگی لائٹس اور فواروں کی تعریف کی۔ لاہور کی کینال میں بھی اسی طرز کے ملٹی کلر فوارے لگانے کی ہدایت کی ہے۔
ٹرانسپورٹ کرائے چینی آٹا, دالوں, گھی کے نرخوں میں کمی کا اعلان عوام کا فائدہ دیکھنا ہے: محسن نقوی
Oct 18, 2023