ریاض‘ مقبوضہ بیت المقدس، نیو یارک، تل ابیب، اسلام آباد (ممتاز بڈانی + این این آئی+ اے پی پی+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل کے سکول‘ ہسپتال اور دیگر مقامات پر حملوں میں 11 سو زائد فلسطینی شہید اور 12 ہزار سے زخمی ہوگئے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 3500 سے زائد ہو گئی ہے۔ حملے میں فلسطینی خاندان کے 13 افراد سمیت مزید 1106 شہید ہو گئے۔ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں میں 64 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے اب تک856 بچے اور 936 خواتین شہید ہو چکی ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حماس کے حملوں کے بعد 5 لاکھ اسرائیلی شہریوں نے نقل مکانی کی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق منگل کو ایک بیان میں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے ارد گرد تمام آبادیوں کو حکومتی ہدایات کے مطابق خالی کرایا گیا ہے۔ جبکہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں صرف 24 گھنٹوں کا پانی، بجلی اور ایندھن بچا ہے جس کے بعد اصل تباہی شروع ہو گی۔ غزہ کی دکانوں پر صرف 5,4 کے کھانے کا ذخیرہ ہے۔ القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں داخل ہونے والی کسی بھی فوجی قوت سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ اس کا اشارہ اسرائیلی فوج کی ممکنہ زمینی کارروائی کی طرف تھا جس کی اسرائیلی فوج کئی روز سے تیاری کر رہی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق القسام بریگیڈز نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری کے دوران 22 قیدیوں کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قیدیوں کی تعداد 200 سے 250 کے درمیان ہے۔ غزہ میں پانی، بجلی ختم ہونے کے قریب، فوری امداد کی ضرورت ہے۔ اسرائیل کی رفاہ کیمپ اور خان یونس پر وحشیانہ بمباری گزشتہ روز بھی جاری رہی۔ فلسطینی حکام کے مطابق 200 مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور 71 شہری شہید ہوئے۔ رفاہ کراسنگ پر بمباری سے امدادی راہداری کا راستہ بھی تباہ ہو گیا۔ غزہ میں پانی، خورک اور ایندھن ناپید ہو گئے۔ یو این اداروں کا سٹاک بھی ختم ہو گیا۔ فلسطینیوں کیلئے امدادی ٹرکوں کا قافلہ رفاہ بارڈر پر روک دیا گیا۔ اسرائیل نے غزہ پر نئے طریقوں سے حملوں کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ سب بری فوج کی غزہ پر ممکنہ کارروائی کو جنگ کا اگلا مرحلہ سمجھ رہے ہیں جبکہ اس بار کچھ نیا اور سرپرائز ہو سکتا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے خبردار کیا ہے اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اسرائیل پر پیشگی حملے سامنے آ سکتے ہیں۔ جاپان نے غزہ کے شہریوں کے لیے 10 ملین ڈالرز امداد دینے کا اعلان کر دیا۔ یورپی یونین غزہ میں امدادی کاموں کے آغاز کے لیے غزہ اور مصر کے درمیان ایک فضائی راہداری کھولے گی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات یورپی یونین کی صدر ارسولا نے بتائی۔ امکانی طور پر اس امدادی فضائی راہداری کا آغاز اسی ہفتے سے ہو جائے گا۔ اسرائیل حماس جنگ پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ایک ہزار امریکی شہریوں نے اسرائیل چھوڑ دیا۔ حماس ملٹری ونگ کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ غزہ میں 250 کے قریب اسرائیلی اور دیگر غیر ملکی یرغمال ہیں، ان میں سے 22 یرغمالی غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ یرغمالیوں کو اسرائیلی جیلوں سے فلسطینیوں کی رہائی کے بدلے رہا کیا جائے گا۔ پاکستان نے ایک بار پھر اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی پر اپنی غیر قانونی اور غیرانسانی ناکہ بندی ختم کرے اور جاری اسرائیلی بمباری سے متاثرہ فلسطینی عوام کےلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد تک بلا رکاوٹ رسائی کی اجازت دے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عثمان اقبال جدون نے گزشتہ روز اقتصادی اور مالیاتی امور سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سیکنڈ کمیٹی میں بحث کے دوران کہا کہ فلسطینی عوام کو تحفظ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری امداد کی ضرورت ہے اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کو روکنے کی ضرورت ہے۔ اسرائیل کے یہ اقدامات جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہیں۔ اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال میں کمی لانے کے لیے جنگ بندی میں سہولت کاری کے لیے فعال کردار ادا کرے۔ امریکی صدر جو بائیڈن آج اسرائیل پہنچیں گے۔ مقصد اسرائیل کے ساتھ کامل اظہار یکجہتی کرنا ہے کہ مسقبل میں بھی امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ جرمن حکومت کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بعد ملک کے متعدد شہروں میں لوگوں نے اسرائیلی پرچم نذر آتش اور دیواروں پر یہود مخالف نعرے تحریر کر دیئے۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی آج بدھ کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اسرائیل نے غزہ میں ہسپتال پر حملہ کر دیا جس میں 1100سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔ ہسپتال میں پہلے ہی اسرایلی حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینی زیرعلاج تھے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے سکول پر حملہ کر دیا۔ اقوام متحدہ پناہ گزین ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سکول پر حملے میں 6 افراد مارے گئے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے عرب میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ رفاہ کراسنگ کو کھولنے یانہ کھولنے سے اسرائیل کا کوئی لینادینا نہیں۔ امریکہ مکمل طور پر اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے چار لاکھ ریزرو فوجیوں کو واپس بلا لیا ہے۔ اسرائیلی قیادت غزہ پٹی پر زمنی آپریشن کیلئے مناسب وقت کا تعین کرے گی۔ غزہ پٹی کی موجودہ صورتحال کو بتدیل کرنے کیلئے کوشاں ہیں چاہے کتنا بھی وقت لگے۔ امریکی میریزنز ریپڈ فورس اسرائیل کیلئے روانہ ہو گئی۔ امریکی میرینز ریپڈ فورس میں 2 ہزار فوجی ہیں۔ روس کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی سے متعلق قرارداد پر ماسکو 15رکنی کونسل میں کم از کم مطلوبہ 9 ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ قرارداد کے مسودے کے حق میں پانچ اور مخالفت میں چار ووٹ آئے جبکہ چھ ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ روس سمیت چین، متحدہ عرب امارات، موزمبیق اور گیبون نے قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالا جبکہ امریکہ، فرانس، برطانیہ اور جاپان نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ چھ ملکوں البانیا، برازیل، ایکواڈور، گھانا، مالٹا اور سوئٹزر لینڈ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ جبکہ اقوام متحدہ میں روسی مندوب واسیلی نیبنزیا نے سلامتی کونسل کو "مغربی دنیا کی خود غرضی کا یرغمال" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی مالک خود غرضی میں درست اقدامات اٹھانے کی صلاحیت سے محروم ہو چکے ہیں۔ سلامتی کونسل میں امریکی نمائندہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ غزہ کے شہریوں کو حماس کے اقدامات کا خمیازہ نہیں بھگتنا چاہیے۔ روسی اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد کے مسودے میں حماس کی تحریک کا حوالہ دیا گیا اور نہ ہی اس کی مذمت کی گئی۔ سعودی عرب نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جنگ بند اور غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم کی جائے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس کے دوران مطالبہ کیا گیا کہ عرب امن انیشیٹیو کے تحت امن عمل کو دوبارہ شروع کیا جائے، جس کے تحت 1967 کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔ کابینہ کو فرانس، ترکیی اور ایران کے سربراہوں کے سعودی ولی عہد کے ساتھ ہونے والے ٹیلیفونک رابطوں اور امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں ہونے والی گفتگو سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید کو ٹیلی فون کیا ہے۔ حماس حملوں کے بعد پہلی بار اسرائیلی وزیراعظم نے کسی عرب رہنما سے رابطہ کیا ہے۔ اماراتی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ شہریوں خصوصاً خواتین‘ بچوں اور بوڑھوں کو تحفظ دیا جائے۔ تمام یرغمالیوں کو فوری رہا کیا جانا چاہئے۔ غزہ میں انسانی ہمدردی کی راہداری کو بغیر کسی تاخیر کھولا جائے۔ اماراتی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم نے اتفاق کیا کہ تنازع کو دنیا میں پھیلنے سے روکا جائے۔ یو این سیکرٹری جنرل کے اسسٹنٹ برائے انسانی امور ایزلی برانڈز کرین نے کہا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل بمباری نے غزہ پٹی کے علاقوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا۔ اسرائیل غزہ میں عالمی قوانین اور جنگی اصولوں کا احترام کرے۔ برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ غزہ تک امداد پہنچانے اور یرغمالیوں کی رہائی پر تبادلہ خیال کیا۔ رشی سونک نے علاقائی سفارتکاری میں تعمیری کردار پر قطری امیر کا شکریہ ادا کیا اور اتفاق کیا کہ اسرائیل فلسطین تنازع خطے میں عدم استحکام کی وجہ نہیں بننا چاہئے۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی فوج کی بمباری سے حماس رہنما اسماعیل حانیہ خاندان کے 14 افراد شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں اسماعیل حانیہ کے بھائی اور بھتیجے بھی شامل ہیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ نے اقوام متحدہ کیلئے ایران کے نمائندے کو خصوصی پیغام پہنچایا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکی انتظامیہ نے خصوصی پیغام میں کہا کہ ایران غزہ پٹی میں جاری کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔ ایران نے براہ راست مداخلت کی کوشش کی تو امریکہ براہ راست کارروائی کرے گا۔ اسرائیل نے امریکی صدر جوبائیڈن کے دورے کے باعث غزہ پر زمینی حملہ ملتوی کر دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن آج اسرائیل کا دورہ کریں گے۔ حماس کی قید میں یرغمالیوں کی رہائی کیلئے بھی زمینی حملہ روکا گیا ہے۔ ترجمان اقوام متحدہ دفتر برائے انسانی حقوق نے غزہ کی صورتحال پر بیان میں کہا اقوام متحدہ عملے کے 14 ارکان ہلاک ہوئے۔ غزہ پٹی کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ شہریوں کی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ روزانہ جنگی قوانین اور عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ اقوام متحدہ اسرائیلی فوج کو شہریوں‘ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے سے روکے۔ اسرائیل کا غزہ سے جبری نقل مکانی کا حکم انسانیت کے خلاف جرم ہے‘ بین الاقوامی فوجداری عدالت سزا دے سکتی ہے۔ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں حزب اﷲ کے دو جنگجو شہید ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کی۔ وسطی البریح پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر ایمن نوقل شہید ہو گئے۔ ترجمان القسام بریگیڈ نے تصدیق کی ہے عالمی ریڈ کراس کے مطابق جنوبی لبنان پر اسرائیلی بمباری سے چار افراد شہید ہو گئے۔ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے اسرائیل کو وارننگ دی ہے کہ غزہ پر بمباری فوری بند کی جائے۔ اسرائیل نے بمباری جاری رکھی تو مزاحمتی تحریکوں کو کوئی روک نہیں سکے گا۔ صیہونی حکومت اپنی ناکامی کی تلافی نہیں کر سکتی۔ صیہونیوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنی چاہئے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں 50 ہزار حاملہ خواتین کو طبی سہولیات تک رسائی نہیں۔ غزہ میں 5 ہزار 500 خواتین کے ہاں رواں ماہ ولادت متوقع ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے غیرملکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ ایک فلسطینی اتھارٹی کی ضرورت ہے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے راستہ ہونا چاہئے۔ چینی وزیر خارجہ نے روسی ہم منصب سے ملاقات میں جنگ بندی کیا مطالبہ کیا۔ او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کی۔ نگران وزیر خارجہ او آئی سی ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے مشاورت میں مصروف ہیں۔ نگران وزیر خارجہ نے مصر‘ ایران‘ ترکیہ اور یو اے ای کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک بات چیت کی۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے ہونے والے اجلاس سے وزیر خارجہ نے او آئی سی سے جنگ بندی کے مطالبے پر زور دیا۔فلسطینی حکومت نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ نسل کشی ہے۔ عالمی برادری فلسطینیوں کا قتل عام رکوائے۔ خاموشی اب قابل قبول نہیں۔ فلسطینی نیوز ایجنسی القدس این جی او پیرل سوسائٹی، فلسطین اردو کے مطابق شہداءکی تعداد 1000 سے زائد ہوگئی۔ ہزاروں نہتے فلسطینیوں نے نشانہ بننے والے ہسپتال میں پناہ لے رکھی تھی۔کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی حملے پر کہا ہے کہ غزہ سے آنے وا لی خبریں بہت تباہ کن ہیں۔