سری نگر(کے پی آئی)جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسز نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ نوجوان کی شناخت بلال احمد شاہ ولد مراق شاہ ساکن ویسو قاضی گنڈ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ نوجوان عسکرےت پسند ہے اور شوپیاں میں فورسز پر حملہ کرنا چاہتا تھا ، پولیس نے بلال احمد شاہ کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔جبکہ لائن آف کنٹرول کے راجوری سیکٹر میں بھارتی فوج کا ایک جوان اپنی ہی بندوق کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے رام بن اورریاسی ضلع میں ٹریفک کے حادثے میں ایک شخص جاں بحق 22 زخمی ہوگئے ۔ ضلع رام بن کے رامسو علاقے میں ٹریفک حادثے میں سید انور ساکن ہولگان مکر کوٹ جاں بحق ہو گےا ۔ ادھر ،ریاسی میں میں ایک منی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کم از کم بائیس ہندو ےاتری زخمی ہوگئے ۔دوسری جانب جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یاسین ایم چودھری نے ضلع میں پولیس کی حراست میں ایک نوجوان کی موت کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔الفت حسین نامی کشمیری نوجوان گزشتہ روز پولیس کی حراست میں جاں بحق ہو گیا تھا ۔ تاہم پولیس نے دعوی کیا تھاکہ نوجوان نے سرنکوٹ پولیس اسٹیشن کے لاک اپ میں خودکشی کی تھی۔