بینظیرانکم سپورٹ کے نام پر فراڈ کرنے والے 2 ہزار ملزموں کے شناختی کارڈز بلیک لسٹ

Oct 18, 2023

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی اے کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے معاوضے کے لالچ اور گیم شو میں انعام کا جھانسہ دے کر سادہ لوح شہریوں کے ساتھ نوسربازی میں ملوث دو ہزار ملزمان کے شناختی کارڈ بلیک لسٹ کر دئیے گئے ہیں۔ پی ٹی اے نے موبائل کمپنیوں کو واضح ہدایت کی ہے کہ بلیک لسٹ کیے گئے شناختی کارڈ ز پر آئندہ کوئی سم جاری نہ کی جائے۔ پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس سال فراڈ سے متعلق 15 ہزار شکایات موصول ہوئیں، زیادہ تر شکایات بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور گیم شوز کے حوالے سے تھیں جن میں سے 99 فیصد شکایات کا ازالہ کردیا گیا۔ پی ٹی اے نے عوام سے غیرقانونی لون ایپس سے محتاط رہنے اور مالی فراڈ کے حوالے سے شکایات متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ مالی فراڈ ہونے پر لوگ سٹیٹ بنک اور ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کو ضرور شکایت کریں۔ فراڈ سے متعلق شکایت ملنے پر ابتدائی طور پر متعلقہ فون اور فون نمبر بلاک کیا جاتا ہے۔ ایک سے زائد مرتبہ فراڈ میں ملوث ہونے پر متعلقہ شناختی کارڈ پر جاری تمام سمز بلاک کر دی جاتی ہیں اور آخری مرحلے میں متعلقہ شناختی کارڈ بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں