اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) کمانڈر ہنگری ایئر فورس، بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مشترکہ تعاون کے کئی اہم شعبوں، بالخصوص عسکری ٹیکنالوجی اور تربیتی پروگرامز میں باہمی اشتراک کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے پر زور دیا گیا۔ پاکستان اور ہنگری کی فضائی افواج جلد ایک مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دیں گی جس کے تحت پاک فضائیہ کی جانب سے ہنگری ایئر فورس کے لڑاکا پائلٹس کو بنیادی اور ٹیکٹیکل تربیت فراہم کی جائے گی۔ ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت، اس کے اہداف اور مستقبل کی جنگی حکمت عملیوں کے تناظر میں اس کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لئے جاری مختلف منصوبوں سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے پاکستان اور ہنگری کے مابین مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کی اہمیت پر زود دیا جو کہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔