اسلام آباد (نامہ نگار) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس چئیرمین کمیٹی سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی زیرصدارت پارلیمنٹ میں ہوا۔ سینیٹرز گردیپ سنگھ، مولوی فیض محمد، پروفیسر ساجد میر، نصیب اللہ بازئی، حافظ عبدالکریم اور حاجی ہدایت اللہ کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور اور دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سعودی حکومت، وزارت حج کی جانب سے ہدایات کی روشنی میں حج گروپ آرگنائزرز کی تعداد 905 سے 46 تک کم کرنے کے معاملے پر کمیٹی میں تفصیلی بحث ہوئی۔ حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ قائمہ کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں وزارت نے سعودی عرب کے وزارت حج کو خط ارسال کیا ہے۔ خط میں سعودی وزارت حج سے درخواست کی گئی ہے کہ اس سال کیلئے حج گروپ آرگنائزرز کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ موخر کردے اور اس کے بعد یہ تعداد آہستہ آہستہ کم کی جائے۔ حج آرگنائزر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ انہوں نے گزارش کی کہ اس مسئلے پر وزارت مذہبی امور، حج آرگنائزر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندوں کو ساتھ ملا کر ڈی جی حج اور سعودی عرب وزارت حج کے حکام کے ساتھ ملاقات کرائی جائے تاکہ بروقت اس مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکے۔ سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ جو خط سفارتی چینلز کے ذریعے بھیجنا چاہئے تھا۔ کمیٹی نے وزارت کو 15 دن میں پیش رفت رپورٹ مہیا کرنے کے احکامات جاری کئے۔