تحریک منہاج القرآن نے مذہبی کلچر تبدیل کر دیا:طاہر القادری 

Oct 18, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے 43 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے مذہبی کلچر تبدیل کر دیا۔ طعنہ و تشنیع اور تکفیری رویوں کی حوصلہ شکنی کی۔ علم و تحقیق اور باہمی عزت و احترام کی مٹ جانے والی قدروں کو زندہ کیا۔ منہاج القرآن رجوع الی القرآن، رجوع الی السنہ اور تعمیرِ اخلاق و کردار کی تحریک ہے۔ منہاج القرآن کی تقاریب اعتدال و رواداری اور محبت و تشکر کی مصطفوی تعلیمات کا گہوارہ ہوتی ہیں۔ تمام مکتب فکر کے جید علماءاور مختلف مذاہب کے نمائندے بخوشی منہاج القرآن کے پلیٹ فارم کا حصہ بنتے ہیں۔ منہاج القرآن نے عقائد و ایمانیات کے باب میں ا±مت کو ایک ہزار سے زائد کتب کا تحفہ دیا۔ انہوں نے جملہ کارکنان و ذمہ داران کو یوم تاسیس کی مبارکباد دی اور کہا کہ الحمداللہ تحریک منہاج القرآن کی عمر 43 سال ہو گئی۔ یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 43 ویں یوم تاسیس کے موقع پر انسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز کا تحفہ دیا۔ منہاج القرآن نے نوجوانوں کو انتہا پسندی اور متشدد رویوں سے بچانے کے لئے بین الاقوامی معیار کے تعلیمی و تربیتی مراکز اور ادارے قائم کئے۔ انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کا اجراء مدارس دینیہ کے اندر ایک ایسا انقلابی قدم ہے جس نے نصابی و تدریسی اور امتحانی سطح پر رول ماڈل سوچ اختیار کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ایک مذہبی تحریک ہے مگر شیخ الاسلام کی ڈکشنری میں فرقہ واریت اور عدم برداشت کا لفظ نہیں ہے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض جواد حامد نے انجام دئیے۔ تلاوت قرآن مجید کی سعادت طیب ضیائ نے حاصل کی۔ نعت سرور کونین رانا وحید شہزاد نے پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر جی ایم ملک نے دعائے خیر کروائی اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔ تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، سید الطاف حسین شاہ، راجہ زاہد محمود، رانا محمد فیاض، نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، سہیل احمد رضا، سردار عمر دراز خان، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، انیلہ الیاس، قاری ریاست چدھڑ، شعبہ جات کے ڈائریکٹرز نے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی۔ آخر میں کیک کاٹا گیا۔

مزیدخبریں