لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ریفنڈز کاروباری برادری کا حق ہیں ، پچھلے ماہ وفاقی ٹیکس محتسب نے 18 ارب روپے کے ریفنڈز ٹیکس دہندگان کے اکائونٹس میں کریڈٹ کروائے۔ تمام ٹیم ممبرز کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس دہندگان کو عزت و احترام دیں ، ان کے جج نہیں بلکہ ایڈووکیٹ بنیں اور ان کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی موجود تھے۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے کہا ٹیکس دہندگان کی شکایات پر فیصلہ کی مدت 60 دن سے کم کرکے 37دن کردی گئی ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب صرف فیصلہ ہی نہیں کرتا بلکہ اس پر عمل درآمد بھی یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال 8500شکایات کا ازالہ کیا۔ اس سال 10 ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 9500کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ تمام فیصلے وفاقی ٹیکس محتسب آرڈیننس کے تحت کیے جاتے ہیں۔ لاہور چیمبر کی تجاویز کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب ٹیکس دہندگان کا اپنا ادارہ ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کیخلاف اپیل صرف صدر مملکت کو کی جاسکتی ہے۔ ہمارے 98فیصد فیصلوں کو صدر مملکت نے برقرار رکھا۔