ڈپٹی کمشنر ننکانہ کی زیرصدارت انسدادپولیو مہم بارے جائزہ اجلاس 

ننکانہ صاحب(نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ضلع ننکانہ میں 28 اکتوبر 2024 سے شروع ہونے والی انسدادپولیو مہم بارے دوسرا جائزہ اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں ہوا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد طلحہ شیروانی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذیشان شبیر سمیت دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ سی او ہیلتھ نے ڈپٹی کمشنر کو قومی پولیو مہم بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں پولیو مہم 28 اکتوبر سے شروع ہو گی اور 3 نومبر تک جاری رہے گی، ضلع کی تینوں تحصیلوں میں پولیو ورکرز کی ٹریننگ کا عمل جاری ہے جبکہ پولیو ٹیموں کے یونین کونسل کی سطح پر بھی ٹریننگ سیشن کرائے جا رہے ہیں۔ سی او ہیلتھ نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسئین اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے مجموعی طور پر 1198 ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا قومی فریضہ سرانجام دیں گی۔

ای پیپر دی نیشن